Urdu Story of Planet of Lana - 2023 Relaxing Cinematic Game

 یہ ایک نوجوان لڑکے لانا کی کہانی ہے جو اپنی بڑی بہن ایلو کے ساتھ دورایک سیارے میں خوشی سے رہتا تھا۔ ایک ایسا سیارہ جو انسان، فطرت اور حیوانات کے درمیان غیر متزلزل توازن کی جگہ ہوا کرتا تھا۔ لانا پانی پر واقع ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہتا تھا۔ اس سیارے میں اسی طرح کے اور بھی بہت سے گاؤں تھے۔ لانا اور ایلو کے والدین وفات پا چکے تھے۔

ایک دن حسب معمول لانا اور اس کی بہن ایلو اپنے گاؤں میں کھیل رہے تھے۔ اس کی بہن ایلو مہم جوئی کے طور پر جنگل کی طرف بھاگی۔ لانا اس کے پیچھے چلا آیا۔ راستے میں انہوں نے اپنے والدین کی قبریں دیکھیں۔ وہ کچھ دیر یہاں ٹھہرے اور اپنے والدین کو یاد کیا۔ پھر وہ تھوڑا آگے بڑھے۔

اس دوران انہوں نے پراسرار مشینوں کو آسمان سے زمین پر گرتے دیکھا۔ وہ یہ دیکھنے کے لیے رک گئے کہ کیا ہو رہا ہے۔ اچانک ایک دھاتی پنجرے والا مکڑی نما طیارہ نمودار ہوا، صورتحال سمجھنے سے پہلے ہی مکڑی والا طیارہ ایلو کو پکڑ کر لے گیا۔ لانا گھبرا گیا۔ وہ بری طرح اپنی بہن کو پکارتا اپنے گاؤں کی طرف بھاگا۔

گاؤں پہنچا تو ایک اور صدمہ اس کا منتظر تھا۔ گاؤں پہلے جیسا نہیں تھا۔ وہاں لوگ نہیں تھے اور روبوٹک جہاز ہر جگہ لوگوں کو تلاش کر رہے تھے۔

وہ اپنے آپ کو پوشیدہ رکھنے میں کامیاب رہا اور گاؤں کے دوسری طرف کسی ایسے شخص کی تلاش میں فرار ہو گیا جو اس کی مدد کر سکے۔

وہ ایلو کو پکارتے ہوۓ وادیوں اور پہاڑیوں میں پھرتا رہا۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کا سفر طویل اور مشکل ہے۔ سفر میں اسے خطرناک جانوروں اور پراسرار مخلوقوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے آگے بڑھنے کے لیے بہت سی حیران کن رکاوٹوں سے بھی نبرد آزما ہونا پڑا۔

اگرچہ اسے پہلے اس طرح کے خطروں  کا سامنا کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا لیکن اس نے بہت کچھ سیکھا اور ہر رکاوٹ کو عبور کرنے میں کامیاب رہا۔

اس نے دیکھا کہ زیادہ سے زیادہ خلائی  جہاز مخصوص سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں، لہٰذا وہ اپنی بہن کی تلاش میں اسی سمت  میں بڑھتا رہا۔

سفر کے دوران اس نے ایک پیارا سا جانور دیکھا جو خلائی روبوٹ کے  شکنجے  سے بچنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔ لانا نے اسے فرار ہونے میں مدد کی۔ لانا نے جانور کے دل میں جگہ بنا لی لیکن پھر بھی وہ اس کے ساتھ ابھی بے تکلف  نہیں تھا۔ لانا نے اس کا پیچھا کیا اور اسے  دوبارہ ایک اور  شکنجے  کے  خطرے میں پایا  جہاں ایک خلائی  روبوٹ بھی اس جانور کو دیکھ چکا تھا۔ لانا نے ایک بار پھر اس معصوم جانور  کو بچایا۔

جب لانا جانور کے ساتھ فرار ہو رہا تھا، خلائی روبوٹ نے ان کا پیچھا کیا اور وہ ایک پہاڑی سے کود گئے۔ لانا بے ہوش ہوگیا اور اس نے خواب میں وہی جگہ دیکھی جہاں اس کی بہن ایلو کو خلائی جہاز نے اغوا کیا تھا۔ دن کا کچھ حصّہ گزرنے کے بعد ،وہ چھوٹا جانور لانا کو نیند سے جگاتا ہے اور اس کے ساتھ بے تکلف ہو جاتا ہے۔ لانا نے اس کا نام موئی رکھا۔ لانا نے نئے دوست موئی کے ساتھ اپنا سفر دوبارہ شروع کیا جو اس کے لیے بہت مددگار تھا۔

انہوں نے بہت سی رکاوٹوں اور خطرات سے گزرتے ہوئے دن رات بہت سفر کیا۔ راستے میں لاوارث دیہات، خلائی جہاز، روبوٹ اور پراسرار مخلوقات ملیں۔ اس نے پراسرار غاروں کا سفر کیا، طاقتور مکڑیوں سے بچ کر پیچیدہ پہیلیاں حل کیں۔ غار میں، اسے ایک جادوئی پتھر  ملا جس نے اسے طاقتور مخلوقات  کو قابو کرنے میں مدد کی تاکہ وہ اپنا راستہ آسان  کر سکے۔

اس نے غاروں سے نکلنے کے بعد بلندی پر اپنا سفر جاری رکھا۔

اسے ایک دلدل سے بھی گزرنا پڑا جہاں اس نے اپنے پالتو موئی کی مدد کی جو پانی سے گزر نہیں سکتاتھا۔

دلدل سے نکلنے کے بعد اسے ایک ایسی جگہ ملی جہاں انسانوں کی تاریخی باقیات تھیں۔ اس نے اندازہ  کیا کہ انسان بہت پہلے ٹیکنالوجی میں بہت ترقی کر چکے تھے لیکن کچھ افسوس ناک واقعات نے اس تہذیب کو تباہ کر دیا اور باقی انسان پھر سے قدرتی ماحول میں رہنے لگے۔ وہاں اسے انسانوں کے بنائے ہوئے روبوٹس اور ایک جدید گھڑی ملی جس نے اسے بعد میں خلائی روبوٹس کو کنٹرول کرنے میں مدد کی۔

پھر  اس نے اپنے راستے میں سمندر پایا اور کشتی پر اگلی منزل تک اپنا سفر جاری رکھا۔

وہ  ایک ایسی جگہ  پہنچا جہاں قدیم جانوروں کے بڑےبڑے ڈھانچے تھے ۔ وہ وہاں بھی بہت سے خلائی روبوٹس اور جانوروں سے بچا۔ پھر وہ دیوہیکل مکڑیوں جیسی خلائی مشینوں  کے ہجوم میں سے گزرا۔

بعد میں اس نے اپنے راستے میں ایک سوئے ہوئے  مکڑی نما عفریت کا سامنا کیا اور اس عفریت کو قابو کرنے کے لیے اپنے پالتو موئی کی مدد سے جادوئی پتھر  کا استعمال کیا تاکہ وہ اس علاقے سے گزر سکیں۔

رات بھر وہ ٹیلوں اور پہاڑیوں میں سفر کرتا رہا۔ یہ نسبتاً پرامن جگہ تھی۔

وہ اگلی صبح ایک صحرائی علاقے میں پہنچ گئے۔ وہ  وہاں  خلائی روبوٹس کی کئی چوکیوں سے گزرے  اور اسے معلوم ہوا کہ وہ مرکزی خلائی جہاز کے قریب پہنچ رہا ہے، جہاں اسے شبہ تھا کہ اس کی بہن ایلو کو لے جایا گیا ہے۔

ایک خلائی روبوٹ سے فرار کے دوران، اس کا دوست موئی اس سے الگ ہوگیا اور وہ اسے ڈھونڈنے کے لیے پیچھے جانے سے قاصر رہا۔ اس نے شدت سے اپنا سفر جاری رکھا، اس امید کے ساتھ کہ اسے اپنی بہن اور موئی دونوں مل جائیں گے۔

صحرائی طوفان میں جدوجہد کرتے ہوئے وہ دوبارہ ہوش کھو بیٹھا۔ بے ہوشی کے دوران اس نے دوبارہ وہ جگہ دیکھی جہاں وہ اپنی بہن ایلو کو کھو دیتا ہے۔

جب وہ بیدار ہوا تو اس نے خود کو نخلستان میں ایک پرسکون جھونپڑی میں پایا۔ اسے وہاں کوئی نہیں ملا لیکن جب وہ آگے بڑھا تو اس نے ایک نرم دل  بوڑھے کو دیکھا۔ بوڑھے آدمی نے لانا کو بتایا کہ ایک مرکزی خلائی جہاز ہے جو تمام خلائی روبوٹس کو کنٹرول کرتا ہے اور شایداس  کی بہن کو اس میں لے جایا گیا ہے۔ 

بوڑھے نے اسے یہ بھی دکھایا کہ وہ ایک خلائی روبوٹ کو ہیک کر رہا ہے لیکن اسے چلانے  کرنے سے قاصر تھا۔ لانا خلائی روبوٹ کو ٹھیک کرنے میں کامیاب ہوگیا اور بوڑھے آدمی نے اسے وہ تحفے  میں دے دیا تاکہ وہ جلدی سے اپنی منزل تک پہنچ سکے۔

لانا نے اپنا سفر خلائی روبوٹ پر جاری رکھا جو گھوڑے کی طرح دوڑ رہا تھا۔ راستے میں اس نے بہت سی خلائی مشینوں سے جان بچائی جنہوں نے اس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اس کا اپنا روبوٹ خراب ہوگیا اور اسے غار میں بھاگنا پڑا۔ غار کے دوسری طرف لانا کو ایک خلائی اڈہ ملا جہاں اس نے ایک خلائی جہاز کو دیکھا جو مرکزی خلائی جہاز میں سامان لے کر جا رہا تھا۔

لانا احتیاط سے اس جہاز میں داخل ہوا جو اسے مرکزی خلائی جہاز  میں  لے گیا۔ مرکزی خلائی جہاز میں بھی خلائی روبوٹ تھے، وہ خاموشی سے جہاز میں مزید آگے بڑھا اور اپنے دوست موئی کو ایک جگہ  پنجرے میں بند پایا۔ بہت سے جانور ایک مشین کی طرف بڑھ رہے تھے جو ان سے خون نچوڑ رہی تھی۔ لانا خوفزدہ ہوگیا، لیکن خوش قسمتی سے مشین نے موئی کو نچوڑنے سے انکار کردیا اور اسے دوسری جگہ بھیج دیا۔

لانا نے موئی کا پیچھا کیا، ایک خلائی روبوٹ کو قابو کیا اور اپنے اچھے دوست موئی کو بچایا۔ انہوں نے مل کر جہاز کی تلاشی جاری رکھی اور انہیں ایک جگہ ملی جہاں روبوٹ انسانی بچوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔

وہ چلتے رہے اور شہد کے چھتے جیسی جگہ پر پہنچے جہاں ہر انسان جسے انہوں  نے پکڑا وہ شیشے کی دیوار والے کمرے میں بند تھا۔ لانا نے بار بار ایلو کو آواز  دی کیوں کہ اس کا  خیال تھا کہ اسے وہاں ہونا چاہئے۔ خوش قسمتی سے ایلو نے مدھم آواز میں جواب دیا۔ لانا نے اسے ڈھونڈ لیا لیکن وہ شیشے کی دیوار کے پیچھے بند تھی۔ اچانک ایک خلائی روبوٹ نے لانا کو ڈھونڈ لیا اور سب کو خبردار کر دیا۔ لانا کو فرار ہونا پڑا۔

لانا ایک ایسی جگہ پہنچا جہاں اسے توانائی کا ایک دیوہیکل  مرکز ملا۔ اس نے سوچا کہ یہ خلائی روبوٹس کی طاقت اور اختیار کا منبع ہے۔ ایک مشکل تگ و دو  کے بعد، موئی اور جادوئی پتھر  کی مدد سے، وہ توانائی کے مرکز کو بند کرنے میں کامیاب رہا۔ تمام خلائی روبوٹس، مرکزی خلائی جہاز  کے انرجی کور کے ساتھ بند ہو گئے۔

اسی اثنا میں، اس نے پایا کہ اس کا چھوٹا دوست موئی بے جان تھا۔ لانا نے بے چینی سے اسے بار بار جگانے کی کوشش کی۔ آخر کار، اس نے دیکھا کہ موئی خلائی جہاز  کے مرکز سے توانائی جذب کر رہا ہے اور آہستہ آہستہ اسے ہوش آگیا۔ اسی وقت، جہاز  کا  توانائی کا مرکز پھر سے کام کرنے لگا لیکن سفید دوستانہ رنگ کے ساتھ۔

در حقیقت ، انہوں نے  مرکزی خلائی جہاز کی بری طاقت  کو بند کر دیا اور موئی کی مثبت توانائی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے بعد اسے چالو کردیا ۔ تمام خلائی روبوٹ دوبارہ کام کرنے لگے، لیکن انسان اور فطرت کے دوست کے طور پر۔

سب  اپنے گھروں کو لوٹ گئے اور حسب معمول اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہو گئے ۔ فرق صرف روبوٹس کا تھا، جو اب ان کی مدد کر رہے تھے۔

لانا موئی کے ساتھ اسی جگہ گیا  جہاں اس نے ایلو کو کھو دیا تھا اور انہوں نے اپنے اتحاد کا جشن منایا۔